ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سیکورٹی فورس دہشت گردانہ حملوں کا دنداں شکن جواب دے رہے ہیں :راج ناتھ

سیکورٹی فورس دہشت گردانہ حملوں کا دنداں شکن جواب دے رہے ہیں :راج ناتھ

Mon, 03 Oct 2016 19:51:52    S.O. News Service

لیہہ ،3؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں و کشمیر میں فوج اور بی ایس ایف کے آس پاس واقع کیمپوں پر دہشت گردوں کے حملے کے گھنٹوں بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں کہا کہ پاکستانی دہشت گرد گروپوں کی ایسی کوششوں کا سیکورٹی فورسز دنداں شکن جواب دے رہی ہیں۔انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔نامہ نگاروں نے ان سے ریاست میں سیکورٹی فورسز پر ہو رہے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں پوچھا تھا۔سنگھ کے اس بیان سے گھنٹوں پہلے بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے بارہمولہ میں بی ایس ایف کے کیمپ اور اس سے متصل فوجی کیمپ پر حملہ کردیا تھا۔ پاک مقبوضہ کشمیر والے حصے میں دہشت گردوں کے کیمپوں پر ہندوستانی فوج کی طرف سے کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کے چار دن بعد دہشت گردوں کا سیکورٹی فورسز پر یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔گزشتہ رات بارہ مولہ میں ہوئے اس حملے سے ٹھیک پندرہ دن قبل دہشت گردوں نے یہاں سے 102کلومیٹر دور اڑ ی میں فوجی ہیڈ کوارٹر میں حملہ کردیا تھا جس میں 19جوان شہید ہو گئے تھے۔وزیر داخلہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مختلف گروپوں کے لوگوں سے بات چیت کرنے اور ان کے خیالات جاننے کے مقصد سے لیہ اور کارگل کے دو روزہ دورے پر ہیں۔لداخ کے دورے کے بارے میں پوچھے جانے پر سنگھ نے کہا کہ وہ یہاں مختلف گروپوں کے لوگوں سے بات چیت کرکے علاقے کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے آئے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ یہاں کے لوگ جس قسم کے بھی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ہم ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔قابل ذکرہے کہ کشمیر میں 8 ؍جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ایک تصادم میں موت کے بعد سے ریاست میں پھیلی بدامنی کے بعد وزیر داخلہ کا جموں و کشمیر کا یہ چوتھا دورہ ہے۔سنگھ نے 4-5؍ستمبر کو سری نگر اور جموں کے دورے پر گئے کل جماعتی وفد کی قیادت کی تھی۔وفد میں آئے مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے سر ی نگر اور جموں میں سماج کے مختلف طبقات کے 50الگ الگ وفود میں آئے 400سے زیادہ لوگوں سے ملاقات کی تھی۔اس سے قبل وزیر داخلہ نے 24-25؍اگست اور اس سے پہلے 23-24؍جولائی کو سری نگر کا دورہ کیا تھا۔


Share: